اشرف خان: فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے مئی 2026 کے دوران اب تک 966 ارب روپے سے زائد ٹیکس وصول کیے ہیں، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں مجموعی ٹیکس وصولیاں 11 ہزار 232 ارب روپے سے بڑھ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مئی 2026 میں انکم ٹیکس کی مد میں 459 ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 386 ارب روپے سے زائد، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی مد میں 72 ارب روپے اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں تقریباً 100 ارب روپے وصول کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق اسی دوران 50 ارب روپے سے زائد مالیت کے ٹیکس ریفنڈز بھی جاری کیے گئے۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2025-26 کے جولائی تا مئی (11 ماہ) کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں 5 ہزار 602 ارب روپے جبکہ سیلز ٹیکس سے 4 ہزار 215 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا۔
اسی عرصے میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے 744 ارب روپے سے زائد اور کسٹمز ڈیوٹی سے 1 ہزار 220 ارب روپے کی وصولیاں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ 550 ارب روپے کے ٹیکس ریفنڈز بھی جاری کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے جون 2026 کے لیے مجموعی ٹیکس وصولی کا ہدف 2 ہزار 200 ارب روپے مقرر کیا ہے، جس کے حصول کے لیے اقدامات جاری ہیں۔