ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محکمہ موسمیات نے یکم اگست تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا

محکمہ موسمیات نے یکم اگست تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان میں آج رات اور ہفتہ کے روز تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، خطہ پوٹھوہار، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور سندھ کے متعدد اضلاع میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد اور کشمیر کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ چند مقامات پر شدید موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی کچہری میں 103، مری میں 99، اٹک میں 80، اسلام آباد سیدپور میں 68 اور سیالکوٹ شہر میں 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب آج ملک کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سبی میں 45 اور دالبندین اور دادو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔