سٹی 42: مہنگائی میں پسےعوام کیلئےبُری خبر،حکومت نےچینی کی ایکس مل اورریٹیل پرائس میں ایک روپیہ 26 پیسے فی کلو اضافہ کردیا جس سے چینی کی ریٹیل قیمت 88 روپے 24 پیسے سے بڑھا کر 89.50 روپے فی کلو مقرر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے چینی کی سرکاری ریٹیل قیمت میں اضافہ کردیا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق چینی کی ریٹیل اور ایکس مل قیمت میں ایک روپیہ 26 پیسے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے،چینی کی ریٹیل قیمت 88 روپے 24 پیسے سے بڑھا کر 89.50 روپے فی کلو مقرر کردی گئی۔ چینی کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمت 89 روپے 50 پیسے فی کلو مقرر ، سیلز ٹیکس سمیت چینی کی زیادہ سے زیادہ ایکس مل قیمت 84 روپے 50 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے ، وزارت صنعت و پیداوار نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا ، نئی قیمتیں 15 نومبر 2021 تک نافذ رہیں گی ۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن تمام چیف سیکرٹریز اور کمشنر اسلام آباد کو بھجوادیا گیا، زائد قیمت پر چینی بیچنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، عمل درآمد نہ کرنے پر شوگر ملز , ڈیلرز , ڈسٹریبیوٹرز اور ریٹیلرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط پیداواری لاگت 62 روپے 71 پیسے فی کلو بنتی ہے جبکہ چینی پر 8 روپے 15 پیسے فی کلو منافع بنتا ہے۔