ماڈل ٹاؤن (شاہزیب شہزاد) صدر مسلم لیگ (ن) اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
شہباز شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ایک روپے 71 پیسہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے، ملک میں مہنگائی کا دیو عوام کا خون پی پی رہا ہے، بے روزگاری کے سونامی میں عوام کو نوالے نوالے کے لیے مجبور کیا جا راہا ہے، مہنگائی اسی رفتار سے جاری رہی تو ملک کو غربت کی آگ بھسم کردے گی، عوام سے زندہ رہنے کا حق چھینا جارہا ہے۔
واضح رہےکہ وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں مزید ایک روپے 71 پیسے کا اضافہ کردیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کےترجمان اور معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ 'اوگرا کی سفارش پر پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جا رہا۔
شہباز گل نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت فی لٹر 119 روپے 80 پیسے ہوگی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 پیسے پر برقرار،نئی قیمتوں کااطلاق یکم اگست سے ہوگا۔