ویب ڈیسک: سانحہ بھاٹی گیٹ میں متوفیہ کے خاوند پر پولیس تشدد کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ واقعے میں غفلت کے مرتکب پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطح کمیٹی نے تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ اور سفارشات آئی جی پنجاب کو ارسال کر دی ہیں۔ رپورٹ میں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے، جن میں یہ بھی شامل ہے کہ سانحہ سے متعلق متضاد معلومات میڈیا تک کیسے پہنچیں۔
اعلیٰ سطح کمیٹی پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، واسا، ضلعی انتظامیہ اور ٹیپا کے حکام سے پوچھ گچھ کرے گی، جبکہ متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جائے حادثہ پر موجود افسران اور اہلکاروں کو کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔
کیس میں گرفتار پروجیکٹ منیجر سمیت پانچ ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ تفتیشی عمل جاری ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سانحے کے متاثرین کے لیے کیے گئے امدادی اعلان پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ متاثرہ خاوند کا کہنا ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ کے اقدامات سے مطمئن ہیں، تاہم امدادی رقم کے لیے اب تک انہیں کوئی کال موصول نہیں ہوئی اور وہ تاحال امداد کے منتظر ہیں۔