ویب ڈیسک: اسلام آباد پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کی لین کی خلاف ورزی، بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کے مطابق لین کی خلاف ورزی کرنے والے اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ پیشہ ور بھکاریوں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک تفویض کر دیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے ڈرائیورز کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
قاضی علی رضا کا کہنا تھا کہ شہر میں مربوط اور مؤثر ٹریفک نظام کی بحالی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ شہر میں نظم و ضبط اور محفوظ ٹریفک نظام کو یقینی بنایا جا سکے۔