ویب ڈیسک: امریکا اور کنیڈا کے درمیان بڑھتی سفارتی و تجارتی کشیدگی کے دوران جغرافیائی نام کا تنازع بھی منطر عام پر آ گیا ۔ امریکی حکومت کی جانب سے سرکاری نام کی تبدیلی کے بعد امریکہ میں گوگل میپس پر کنیڈا اور امریکہ کے درمیان واقع لیک اونٹاریو کو ’’لیک امریکہ‘‘ (Lake America)کے نام سے دکھانا شروع کر دیا ہے، جبکہ کنیڈا میں اس کا تاریخی نام ’’لیک اونٹاریو‘‘ (Lake Ontario) برقرار رکھا گیا ہے۔ کنیڈین حکام نے اس تبدیلی کو مسترد کرتے ہوئے جھیل کے تاریخی نام کے تحفظ پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل نے امریکی حکومت کی ہدایت پر اپنی میپس سروس میں کنیڈا اور امریکہ کے درمیان واقع لیک اونٹاریو (Lake Ontario) کا نام تبدیل کرکے ’’لیک امریکہ (Lake America)‘‘ کر دیا ہے۔ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور اوٹاوا کے درمیان سفارتی اور تجارتی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گوگل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی سرکاری حکام کی جانب سے کئے جانے والے جغرافیائی ناموں کی تبدیلیوں کے مطابق گوگل میپس کو اپ ڈیٹ کرتی ہے۔ اسلئےامریکہ میں میپس استعمال کرنے والے افراد کو اب اس جھیل کا نام ’’لیک امریکہ‘‘ نظر آئے گا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر اس تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ گوگل میپس نے امریکی فونز پر ’’لیک اونٹاریو‘‘ کا نام تبدیل کرکے ’’لیک امریکہ‘‘ کر دیا ہے۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مطابق امریکہ میں صارفین کو صرف ’’لیک امریکہ‘‘ دکھائی دے گا، جبکہ کنیڈا میں یہ نام بدستور ’’لیک اونٹاریو‘‘ رہے گا۔ دونوں ممالک سے باہر موجود صارفین کو جھیل کے دونوں نام ’’لیک اونٹاریو (لیک امریکہ)‘‘ کی صورت میں دکھائی دیں گے۔ یہ تبدیلی امریکی حکومت کے جغرافیائی ناموں کے انفارمیشن سسٹم (GNIS) کی جانب سے نام کی باضابطہ تبدیلی کے بعد عمل میں آئی ہے۔ GNIS امریکی وفاقی ادارہ ہے جو ملک میں جغرافیائی مقامات کے سرکاری ناموں کو معیاری بنانے کی ذمہ داری ادا کرتا ہے۔ ٹرمپ کی جانب سے دستخط کیے گئے ایک صدارتی حکم نامے کے تحت امریکی سرکاری اداروں کو اپنے تمام سرکاری ریکارڈ اور ڈیٹا بیس میں اس آبی گزرگاہ کے لیے ’’لیک امریکہ‘‘ کا نام استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دوطرفہ تعلقات میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں یہ تبدیلی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کسی معروف جغرافیائی نام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہو۔ جنوری 2025میں دوسری مرتبہ صدر کا منصب سنبھالنے کے فوراً بعد ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کرکے ’’گلف آف امریکہ‘‘ رکھنے کا حکم دیا تھا۔ اس وقت بھی گوگل میپس نے مختلف ممالک میں صارفین کے لیے ناموں کی نمائش میں تبدیلی کی تھی۔
کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے وزیرِاعلیٰ ڈگ فورڈ نے ’’لیک امریکہ‘‘ کے نام کو مسترد کرتے ہوئے سنیچر کو ایک نیا ’’لیک اونٹاریو‘‘ کا سائن بورڈ نصب کرایا تاکہ جھیل کے تاریخی نام کی شناخت کو برقرار رکھا جا سکے۔ کنیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے بھی امریکی اقدام کی مذمت کی۔ انہوں نے تاریخی نام کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’اونٹاریو‘‘ نام کا تعلق شمالی امریکہ کے مقامی باشندوں، خصوصاً وینڈٹ (Wendat) قوم سے ہے۔