قوم کی امید نوازشریف،ترقی کی تعبیر نوازشریف، ہر وعدے کی تکمیل نوازشریف ہیں، مریم نواز

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: مسلم لیگ (ن) کے پنجاب کے تمام ڈویژنز اور اضلاع کے صدور اور سیکریٹری جنرلز کا اجلاس سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازشریف کی صدارت  میں ہوا۔ 

اجلاس میں قائد محمد نوازشریف کی 21 اکتوبر کو وطن واپسی اور استقبال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں یوتھ کوآرڈینیٹرز اور قومی وصوبائی اسمبلیوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ مریم نوازشریف نے قائد نوازشریف کے استقبال کے حوالے سے پارٹی اور عوام میں جوش وجذبے کا خیرمقدم کیا۔ 

مریم نوازشریف نے کہا کہ قوم کی امید نوازشریف ہیں، تعمیر وترقی کی تعبیر نوازشریف ہیں، ہر وعدے کی تکمیل نوازشریف ہیں، پاکستان کی روشن تقدیر نوازشریف ہیں۔ عوام کو مہنگائی، مہنگے بلوں سے نجات کی ضمانت نوازشریف ہیں۔ نوجوان کے روشن مستقبل اور ترقی کا ضامن نوازشریف ہے۔ مزدور، کسان اور محنت کش کو ریلیف صرف نوازشریف دلاسکتے ہیں۔ قوم کے خوابوں کی تعبیر نوازشریف ہے۔ نوازشریف قوم کومتحد کرے گا، نوازشریف قوم کو ترقی کا وژن دیں گے، بحرانوں کا حل صرف نوازشریف ہے، دہشت گردی کے خاتمے کی فیصلہ کن جنگ کی قیادت نوازشریف کریں گے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ چوتھی مرتبہ عوام کے منتخب وزیراعظم نوازشریف ملک وقوم کے لئے تاریخی کردار ادا کریں گے۔ نوازشریف آئے گا، تعمیر، ترقی ، امن اور خوش حالی لائے گا۔ 

اجلاس میں نوازشریف کی حمایت میں زبردست نعرہ بازی کی گئی۔ 

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال  نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، ہر بار نوازشریف کو نہیں بلکہ ترقی کے عمل کو روکا گیا، نواز شریف کی کوششوں سےعظیم دوست چین نے سی پیک کی صورت اس وقت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جب کوئی پاکستان کا رخ کرنے کو تیار نہیں تھا۔ 

اجلاس میں  گفتگو کرتے ہوئےخواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نوازشریف کو حکومتی مدت پوری کرنے دی جاتی تو آج مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نہ ہوتی، عوام ہی نہیں دنیا بھی نواز شریف پر اعتماد کرتی ہے، پاکستان کو اتحاد، امن اور معاشی ترقی کی ضرورت ہے جو صرف وزیراعظم نواز شریف ہی کر سکتا ہے، قوم اور ملک کو  نیا وژن ہمیشہ نواز شریف نے دیا، قوم اور سیاسی قیادت کو ہمیشہ نواز شریف نے ہی متحد کیا، وزیراعظم نواز شریف ضروری ہے۔ 

  رانا ثناء اللہ نے کہاکہ نوازشریف کو کام کرنے دیا جائے تو پاکستان سے مسائل لوڈشیڈنگ کی طرح ختم ہوجائیں گے، نواز شریف کو اقتدار کی نہیں، پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات کےلئے نواز شریف کی ضرورت ہے، نواز شریف پاکستان کے مسائل کا واحد حل ہے۔ 

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے سوا پاکستان کو بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا، نواز شریف ہی قوم کو متحد کرکے اسے ریلیف دے سکتا ہے، نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں نواز شریف ہی شامل کرے گا۔