جنید ریاض: رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ہائبرڈ نظام نافذ نہیں کیا جائے گا اور ہفتے میں 3 یا 4 دن کلاسز لینے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے بھر میں ہفتے کے 5 دن باقاعدہ تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
رانا سکندر حیات کے مطابق میٹرک امتحانات کے 246 مراکز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تعلیمی کیلنڈر میں بھی تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، جس سے آئندہ سال امتحانات دینے والے طلبہ کو بہتر تیاری کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں 70 فیصد مفت درسی کتب فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ باقی کی ترسیل بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔
دریں اثناء رانا سکندر حیات نے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ مشیر وزیر اعلیٰ برائے امتحانات مزمل محمود بھی موجود تھے۔
مزمل محمود نے اس موقع پر بتایا کہ امیدواروں کی شناخت کے لیے کیو آر کوڈ اور بائیو میٹرک نظام استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ پیپر کی خوبصورتی پر وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی اور علم پر توجہ دیں کیونکہ نمبرز ذہانت کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔