کلیم اختر: پنجاب سوشل سکیورٹی نے رجسٹرڈ محنت کشوں کے لیے حج 2027 کی درخواستوں کی وصولی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کا کہنا تھا کہ رجسٹرڈ محنت کش حج درخواست فارم ادارے کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، جبکہ یہ فارم پنجاب بھر میں قائم سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹس سے بھی بلا معاوضہ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے اور مقررہ تاریخ کے بعد کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔
محنت کش مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ اپنے متعلقہ سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ میں درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔
کمشنر سوشل سکیورٹی کا مزید کہنا تھا کہ سال 2027 میں بھی 10 رجسٹرڈ محنت کشوں کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، جبکہ منتخب ہونے والے تمام محنت کشوں کے حج کے مکمل اخراجات پنجاب سوشل سکیورٹی برداشت کرے گی۔