ساجد بلوچ: لکی مروت میں تھانہ سٹی کی حدود میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف بڑا سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا، کارروائی کے دوران سنگین مقدمات میں مطلوب دہشت گردوں جنید اور منظور کے ٹھکانے مسمار کر دیے گئے۔
پولیس کے مطابق آپریشن ٹیپو گل گروپ کے ذیلی کمانڈر ارشد نواز عرف مزیگرے گروپ کے دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا، جس کی قیادت ایس ڈی پی او لکی نے کی۔ آپریشن میں سی ٹی ڈی لکی، ایس ایچ او سٹی لکی اور آر آر ایف پولیس لائنز کے اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی گئیں۔ پولیس کے مطابق کارروائی کا دائرہ شیخ خولہ، عبدالخیل، شاہ حسن خیل، سربند اور وندہ خانہ گل کے علاقوں سمیت ملحقہ پہاڑی علاقوں تک پھیلایا گیا، جہاں مشکوک مقامات کی تلاشی لی گئی۔آپریشن کے دوران گاؤں عبدالخیل میں مفرور دہشت گردوں جنید اور منظور کے مبینہ محفوظ ٹھکانے مسمار کر دیے گئے۔
پولیس کے مطابق دونوں مطلوب دہشت گرد ایف سی اہلکاروں کے اغوا، نارکوٹکس اہلکار اور جیل پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔کارروائی کے دوران گھر گھر تلاشی کے نتیجے میں دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ ایک پستول اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لی گئیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے کامیاب کارروائی پر لکی پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو شاباش دی۔آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ ریاستی رٹ برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹارگٹڈ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔