ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت میں گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے کسی بھی علاقے کو ایل پی جی کی غیرقانونی دکانوں سے پاک نہیں کیا جا سکا۔ راوی، سٹی، واہگہ، شالیمار، نشتر، اقبال ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور رائیونڈ جیسے علاقوں میں سینکڑوں غیرقانونی دکانیں کھلے عام ایل پی جی فروخت کر رہی ہیں۔
ان گنجان آباد علاقوں میں موجود دکانوں سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خطرہ لاحق ہے جبکہ کئی حساس سرکاری دفاتر اور اداروں کے قریب بھی ایل پی جی کی فروخت بلاخوف جاری ہے۔ماضی میں شاہدرہ، شاہ عالمی، ڈیفنس، جوہر ٹاؤن اور اقبال ٹاؤن جیسے علاقوں میں گیس سلنڈر پھٹنے کے ہولناک واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں صرف کاغذی کارروائیوں اور فوٹوشوٹ تک محدود ہیں جبکہ اصل خطرہ مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈر میں گیس منتقل کرنا نہ صرف غیرقانونی بلکہ سنگین جرم ہے جس پر فوری سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔