سٹی 42 : مسلم لیگ (ن) فرانس کے چیئرمین راجہ علی اصغر نے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا یادگار اور سنہری دن ہے، یوم تکبیر قوم کے لیے فخر اور سربلندی کی علامت ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار راجہ علی اصغر نے یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، کہا کہ نواز شریف نے 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، نواز شریف نے عالمی دباؤ اور پابندیوں پر ملکی وقار اور خود مختاری کو ترجیح دی۔
ن لیگ جاپان کے مرکزی رہنما سردار ظہور اقبال نے اس موقع پر کہا کہ 28 مئی یوم تکبیر پاکستان کا فخریہ دن ہے۔ نواز شریف نے دھمکی، دباؤ اور پابندیوں کی پرواہ کیے بغیر پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔ الحمدللّٰہ پاکستان کو ایٹمی ملک بنے 27 سال مکمل ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان پاکستان ہماری ایٹمی صلاحیت سے خوفزدہ ہیں۔ پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا ملت اسلامیہ کے لیے بھی فخر کا مقام ہے۔ ملک کو ایٹمی قوت بنانے پر ڈاکٹر عبد القدیر خان، ذوالفقار علی بھٹو اور قائد ن لیگ نواز شریف کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ن لیگ آزاد کشمیر کے رہنما نعیم چوہدری نے کہا کہ ایٹمی قوت بنتے وقت بعض لوگ کہتے تھے کہ اس کی ضرورت نہیں تھی۔ 10 مئی کو ثابت ہوا کہ اس کی ضرورت تھی جس کے باعث دشمن کو نقصان اٹھا کر خاموشی اخیتار کرنی پڑی لہٰذا یوم تکبیر پورے جوش و جذبے کے تحت منانا چاہیے۔