ویب ڈیسک: پاکستان ایران کے خلاف جاری تنازع کو ختم کرانے کے لیے سرگرم سفارتکاری میں مصروف ہے، جس کے تحت اہم علاقائی رہنماؤں کے درمیان آج اسلام آباد میں ایک کلیدی اجلاس منعقد ہوگا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اس اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ ترک اور مصری وزرائے خارجہ پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جبکہ سعودی وزیر خارجہ کی آمد آج متوقع ہے۔
یہ تینوں وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ خطے کی صورتحال اور ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
اسحاق ڈار کے مطابق ایران کے ساتھ مسلسل رابطہ جاری ہے اور پاکستان مخلصانہ انداز میں تنازع کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہا ہے، جبکہ دوست ممالک بھی اس عمل میں تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے قطر کے وزیراعظم سے بھی رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں فوری کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق قطر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا ہے۔