سٹی 42: متحدہ عرب امارات میں مسلسل چار ماہ تک اضافے کے بعد جولائی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم ابتدائی اندازوں کے مقابلے میں ممکنہ ریلیف نسبتاً کم ہو سکتا ہے۔ نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کل کیا جائے گا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران اضافے کے بعد دوبارہ نیچے آنا شروع ہو گئی ہیں، جس کے باعث یو اے ای میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی توقع پیدا ہوئی ہے۔ تاہم امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی نے عالمی تیل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار رکھی ہوئی ہے۔
پیر کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 73.18 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کی قیمت 69.96 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔ اس سے قبل آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت مختصر عرصے کے لیے 110 سے 120 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔
متحدہ عرب امارات میں ہر ماہ ایندھن کی قیمتیں گزشتہ ماہ خام تیل کی اوسط عالمی قیمت کی بنیاد پر مقرر کی جاتی ہیں، اسی لیے عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے کی صورت میں اس کا فائدہ براہِ راست صارفین تک پہنچنے کا امکان ہے۔