کلیم اختر: مالی سال 2025-26 کے اختتام میں ایک روز باقی رہ جانے پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے محصولات کا ہدف حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ ٹیکس وصولیوں میں اضافہ یقینی بنانے کے لیے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لارج ٹیکس آفسز، کارپوریٹ ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز میں ٹیکس وصولیوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ چیف کمشنرز اور فیلڈ فارمیشنز کے سربراہان کو ہر صورت محصولات کے اہداف پورے کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام فیلڈ فارمیشنز کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے متعلقہ دفاتر میں اضافی عملہ اور خصوصی ڈیسک بھی فعال کر دیے گئے ہیں تاکہ واجب الادا ٹیکسز اور ڈیوٹیز بروقت جمع کرائی جا سکیں۔
واضح رہے کہ مالی سال 2025-26 کے لیے ایف بی آر کا ابتدائی ٹیکس ہدف 14 کھرب 13 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں کم کر کے 13 کھرب 98 ارب روپے کر دیا گیا۔