ویب ڈیسک : انٹرسال اول کے داخلوں کی تاریخ میں اگست تک توسیع کردی گئی، ڈی جی کالجز سندھ کے مطابق اب طلبا 8 اگست 2025 تک کالجوں میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈی جی کالجز سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی نے کہا کہ یہ فیصلہ میٹرک پری انجینئرنگ کے نتائج میں تاخیر کے باعث کیا گیا ہے تاکہ تمام طلبا کو داخلے کا موقع مل سکے۔ ان کے مطابق کراچی بھر کے کالجوں میں فیسیلیٹیشن سینٹرز اور ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ طلبا اور والدین کی رہنمائی کی جا سکے۔
ڈاکٹر نوید کے مطابق اب تک 50 فیصد طلبا نے کالجوں میں داخلہ حاصل کر لیا ہے۔
دوسری جانب انٹربورڈ کراچی کے تحت گزشتہ دنوں گیارہویں جماعت کے طلبا کے فیل ہونے پر ہونے والے تنازع کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سندھ اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کی ہدایت پر کیے گئے اسکروٹنی عمل میں 26 ہزار طلبا کے پرچے دوبارہ چیک کیے گئے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق 26 ہزار میں سے 97 فیصد طلبا کے نتائج درست پائے گئے، 830 طلبا کے نتائج میں معمولی تبدیلی ہوئی۔
سائنس گروپ کے 6,174 امیدوار، میڈیکل گروپ کے 10,302، اور انجینئرنگ گروپ کے 9,000 سے زائد امیدواروں کے پرچے دوبارہ چیک کیے گئے۔
اسکروٹنی کرانے والے طلبا کو ماہر اساتذہ و والدین کی موجودگی میں کاپیاں بھی چیک کرائی گئیں۔