ویب ڈیسک: نوجوان پاکستانی سائنسدان ڈ اکٹر شرمین فیاض نے قازان گلوبل یوتھ فورم میں بہترین نوجوان محقق کاایوارڈاپنے نام کرلیا۔
ڈ اکٹر شرمین فیاض نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی،ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ، انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز جامعہ کراچی میں بطورریسرچ آفیسرخدمات انجام دے رہی ہیں،وہ وائرولوجی اور مالیکیولر میڈیسن میں جدید تحقیق میں مصروف ہیں،انہیں یہ ایوارڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کوآرڈینیٹر جنرل او آئی سی کامسٹیک نے دیگر ممتاز بین الاقوامی شخصیات کے ہمراہ قازان میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے اس موقع پر ڈاکٹر شرمین فیاض کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتنے معتبر عالمی فورم پر ان کا اعتراف صرف ذاتی کامیابی نہیں بلکہ امتِ مسلمہ اور پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے، ایسے نوجوان سائنسدان پاکستان کی سائنسی برادری کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی کاوشیں عالمی صحت کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گی۔
پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کہاکہ یہ ایوارڈ پاکستانی نوجوان سائنسدانوں کی عالمی سائنسی دنیا میں شاندار خدمات کو اجاگر کرتا ہے، خصوصاً صحت کے شعبے میں۔
قازان گلوبل یوتھ فورم دنیا بھر کے باصلاحیت نوجوان محققین، موجدین اور پالیسی سازوں کو ایک ساتھ جمع کرتا ہے تاکہ وہ اپنی کامیابیاں پیش کریں،تجربات کا تبادلہ کریں اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیں۔
ڈاکٹر شرمین فیاض کی یہ کامیابی پاکستان کی سائنسی برادری کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس بات کی گواہی ہے کہ ملک کے نوجوان محققین عالمی صحت اور سائنس کو آگے بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔