دعا شکیل پراچہ|: ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن بھی مذہبی جوش و خروش اور خوشیوں کے ساتھ منایا جا رہا ہے، جبکہ گھروں میں خصوصی دعوتوں اور لذیذ پکوانوں کا اہتمام جاری ہے۔
عید کے دوسرے روز خواتین کی بڑی تعداد گھروں میں مہمانوں اور اہل خانہ کیلئے مختلف روایتی اور خصوصی کھانے تیار کرنے میں مصروف دکھائی دے رہی ہے۔ کہیں باربی کیو کا اہتمام کیا جا رہا ہے تو کہیں گوشت سے تیار کی جانے والی روایتی ڈشز مہمانوں کی تواضع کا حصہ بن رہی ہیں۔
خواتین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود اہل خانہ اور عزیز و اقارب کیلئے کھانے تیار کرنا عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیتا ہے۔ ان کے مطابق عیدالاضحیٰ پر خصوصی پکوان اور دعوتیں خاندانی روایات کا اہم حصہ ہیں۔
گھروں میں کباب، تکے، بریانی، قورمہ اور دیگر لذیذ ڈشز تیار کی جا رہی ہیں، جبکہ بچے اور بڑے سب ہی عید کی خوشیوں سے بھرپور لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ صرف قربانی کا تہوار نہیں بلکہ رشتہ داروں اور دوست احباب کے ساتھ مل بیٹھنے، خوشیاں بانٹنے اور محبتوں کو فروغ دینے کا بھی موقع فراہم کرتی ہے۔
عید کے دوسرے روز بھی مختلف علاقوں میں عزیز و اقارب کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث گھروں میں روایتی مہمان نوازی اور ضیافتوں کا ماحول دیکھنے میں آیا۔