راؤ دلشاد:سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایکس پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی شریف میڈیکل سٹی اسپتال میں میجر سرجری کی گئی، تاہم سرجری کے باوجود انہوں نے عیدالاضحیٰ کے دوران بھی صوبے کے انتظامی امور کی نگرانی جاری رکھی۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی اسپتال میں میجر سرجری ہوئی، جس کے بعد ان کی طبیعت بہتر ہونے پر انہیں گھر منتقل کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق سرجری کے دوران اور بعد میں بھی وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کی براہ راست نگرانی جاری رکھی اور متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عید کے دنوں میں بھی وزیراعلیٰ نے اسپتال سے حکومتی امور کی نگرانی کی اور تمام اہم معاملات پر خصوصی توجہ دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کو گلے میں تکلیف کی شکایت پر شریف میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا ضروری چیک اپ کیا گیا۔ بعد ازاں ڈاکٹروں کی تجویز پر ان کی سرجری کی گئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب منگل کے روز بھی طبی معائنے کیلئے اسپتال گئی تھیں، جبکہ حالیہ دورے کے دوران وہ دو گھنٹے سے زائد وقت تک اسپتال میں موجود رہیں۔