ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اقتدار میں بڑی تبدیلی؟ سربیا کے صدر ووچچ کے استعفے کا اعلان

اقتدار میں بڑی تبدیلی؟ سربیا کے صدر ووچچ کے استعفے کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:سربیا کے صدرالیکساندر ووچچ  نے اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے چند ہفتوں میں اپنے منصب سے الگ ہو جائیں گے، جس کے بعد ملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات وقت سے پہلے کرائے جائیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ووچچ نے دارالحکومت بلغراد میں اپنے حامیوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ عرصہ صدر کے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے اور جلد استعفیٰ دے دیں گے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سربیا گزشتہ ڈیڑھ سال سے سیاسی بے چینی اور حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کا سامنا کر رہا ہے۔ یہ احتجاج نومبر 2024 میں نووی اداس کے ریلوے اسٹیشن پر پیش آنے والے حادثے کے بعد شروع ہوئے تھے، جس میں 16 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

صدر ووچچ نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت سربیائی پروگریسو پارٹی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور وہ پارٹی کی سیاسی مہم میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے قبل از وقت انتخابات کرانے کی تجویز کی بھی حمایت کی۔

تاہم انہوں نے ابھی تک استعفے کی حتمی تاریخ یا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر ووچچ صدارت چھوڑ بھی دیتے ہیں تو وہ مستقبل میں وزیرِاعظم کے طور پر دوبارہ فعال سیاسی کردار ادا کر سکتے ہیں، جس سے ملکی سیاست پر ان کا اثر برقرار رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں اور طلبہ تحریکوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں صدر ووچچ اور ان کی جماعت کے خلاف بھرپور انتخابی مہم چلائیں گی۔