سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
صدر مملکت نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 13 بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، کہاکہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کے تحفظ کو یقینی بنایا، قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ دفاع وطن کی راہ میں جان قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کا شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 14 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، کہا کہ پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرست دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسا بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔
صدر مملکت نے زخمی شہریوں، بچوں اور خاتون کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
آصف علی زرداری نے کہاکہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔