سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسزکے 13 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، کہا کہ بہادر سپوتوں نے شہادت کا عظیم رتبہ پایا، شہداء قوم کا سرمایہ افتخار ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 14 دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے سکیورٹی فورسز کے جری جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کے جوان قوم کا فخر ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور قوم ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، کہا کہ شہدائے وطن کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ سے مقروض ہے اور مقروض رہے گی۔