ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری;کل سے 5 اگست تک بارشیں

مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری;کل سے 5 اگست تک بارشیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری کردیا۔ 29 جولائی سے 5 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ پنجاب حکومت نے  تمام محکموں کو الرٹ جاری کردیا ۔ 

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، لیہ، بھکر، نورپور تھل، سرگودھا، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، خانیوال، ملتان، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں 31 جولائی سے 3 اگست تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ 
 راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ اور نارووال میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے ۔ مری  گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر میلہ کی صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی  ہدایات  جاری کردی گئیں ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا  وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں ۔آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔شہری آسمانی بجلی سے بچاو کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں،عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

 سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے  تمام واساز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ۔ 
 سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا تمام ایم ڈیز ضلعی انتظامیہ سے مؤثر رابطہ اور بروقت رپورٹنگ یقینی بنائیں،تمام ڈسپوزل سٹیشنز، مشینری اور آلات کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت ہے ۔بارشوں کے دوران فیلڈ عملہ ہر وقت متحرک رہے۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور دیگر تعمیراتی مقامات پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔ کھلے گڑھوں اور تعمیراتی مقامات پر حفاظتی باڑ اور وارننگ سائنز نصب کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ واساز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنےکیلئےمکمل تیاری اور فوری رسپانس یقینی بنانے کاحکم دیا ۔ 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود ممکنہ سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور متعلقہ اضلاع کو فوری فنڈز کی فراہمی کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ پر مسلسل نظر رکھنے، جبکہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک اور دیگر متعلقہ محکموں کے عملے کو فلڈ ریلیف کیمپس میں 24 گھنٹے موجود رہنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹس کے مطابق پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور وزیراعلیٰ کی واضح ہدایات کے مطابق کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غیر ذمہ داری برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم سے صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ حالیہ ریکارڈ بارشوں کے دوران ریکارڈ وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں۔ انہوں نے ممکنہ سیلاب کی صورت میں بروقت اور مؤثر ردعمل یقینی بنانے اور شہریوں کو بروقت معلومات اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔