بلال خان نیازی: جرمن یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (جی یو ٹیک) عمان نے بین الاقوامی طلبہ کے لیے بیچلرز اور ماسٹرز پروگرامز میں مختلف اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے نمایاں تعلیمی کارکردگی رکھنے والے طلبہ کو 100 فیصد ٹیوشن فیس معافی پر مشتمل فل اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس میں 50 فیصد تک رعایت دی جائے گی، جبکہ تمام بین الاقوامی طلبہ کے لیے 20 فیصد خصوصی ٹیوشن فیس رعایت بھی دستیاب ہوگی۔
یونیورسٹی نے بتایا ہے کہ پہلے سال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے خود مختار طلبہ جرمن ڈی اے اے ڈی اسکالرشپ کے لیے بھی اہل ہو سکیں گے۔ انجینئرنگ، جیو سائنسز، اربن پلاننگ اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
خواہشمند طلبہ داخلے اور اسکالرشپ کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ امیدواروں کا حتمی انتخاب اور تعلیمی قابلیت کا جائزہ عمان کی جی یو ٹیک یونیورسٹی کرے گی۔