عثمان خان: اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور افغانستان کے سفیر سردار احمد شکیب نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ایران اور افغان سفیروں نے جماعت اسلامی کے رہنما امیر العظیم کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
ملاقاتوں کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات گہرے اور برادرانہ ہیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان کے عوام مذہبی، تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل رابطوں، باہمی اعتماد اور مثبت مکالمے کے ذریعے پاک افغان اختلافات کا حل ممکن ہے۔
انہوں نے غزہ، لبنان اور ایران کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے فوری اور مکمل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ امریکی و اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں وہ ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان، ایران، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مؤثر تعاون خطے میں امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ افغان سفیر سردار احمد شکیب نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون خطے میں پائیدار امن کے قیام میں بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے۔
دونوں ملاقاتوں میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، باہمی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔