سٹی42: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے میانوالی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا وفد ملاقات کے لیے پہنچا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبے اور امن و امان پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفد میں علی حیدر نور خان، عبید اللہ خان شادخیل، امانت اللہ خان شادخیل، عدیل عبد اللہ خان، ملک فیروز جوئیہ اور ملک سجاد خان بھچڑ شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد نے وزیراعلیٰ کو امام مسجد دینے کے اعزازیہ کارڈ دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی کو سراہا۔
ارکان نے میانوالی میں پہلی پبلک ٹرانسپورٹ الیکٹرو بس کے تحفے پر بھی اظہار تشکر کیا اور کہا کہ بیوٹیفکیشن اور ستھرا پنجاب منصوبے سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوامی خدمت کا سفر مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ و چھوٹے اضلاع میں بھی بڑے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز پہلی بار کیا جا رہا ہے۔