جنید ریاض:لاہور بورڈ نے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے فروغ اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کھیلوں کے بجٹ میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے سرکاری سکولوں کے ساتھ کالجز کو بھی مفت کھیلوں کا سامان فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے کے تحت لاہور ڈویژن کے 1100 سرکاری ہائی سکولز کو مفت کھیلوں کا سامان فراہم کیا جائے گا، جبکہ ڈویژن کے 20 فیصد سرکاری کالجز بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔
لاہور بورڈ نے کھیلوں کے لیے مختص بجٹ 10 ملین روپے سے بڑھا کر 25 ملین روپے کردیا ہے۔ حکام کے مطابق بجٹ میں اضافے کا مقصد سرکاری تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور طلبہ کو ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
لاہور بورڈ کے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے لیے مجموعی طور پر 61 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت سرکاری سکولوں اور کالجز میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔