ویب ڈیسک: قصور میں عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں عرس کی تین روزہ تقریبات دوسرے روز بھی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں، جبکہ عرس کے موقع پر 29 اگست کو قصور میں مقامی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
عرس میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسرے روز بھی مزار پر روح پرور محافل منعقد کی جارہی ہیں، جہاں عقیدت مند حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی اور دعا کر رہے ہیں۔
عرس کے موقع پر قصور میں ہفتہ 29 اگست کو مقامی تعطیل ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کام کرنے والے ضلعی دفاتر اور متعلقہ ضلعی سرکاری ادارے اس تعطیل کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے۔
زائرین کی بڑی تعداد کے پیش نظر دربار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عرس میں آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے وسیع لنگر کا انتظام بھی کیا ہے، جہاں زائرین کے لیے کھانے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
انتظامیہ کے مطابق حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کل اختتام پذیر ہوجائیں گی۔