ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر ملکی سمز کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کو خبردار کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر ملکی سمز کا پاکستان میں استعمال غیر قانونی اور قابل سزا جرم ہے۔ اس عمل میں ملوث افراد کو فراڈ، دہشتگردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اپنی شناختی معلومات کے غلط استعمال سے بچنے کیلئے پی ٹی اے نے شہریوں کو فوری طور پر اپنے نام پر رجسٹرڈ سمز کی جانچ کرنے کی ہدایت کی ہے۔معلومات حاصل کرنے کے دو طریقے ہیں۔ ویب سائٹ: https://cnic.sims.pk پر وزٹ کریں یا 668 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کریں۔اگر آپ کے نام پر کوئی ایسی سم رجسٹرڈ ہے جو آپ استعمال نہیں کرتے تو فوری طور پر بلاک کروائیں۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ نئی موبائل سم صرف مجاز سیلولر کمپنیوں کے کسٹمر سینٹرز، فرنچائزز یا مستند سیلز آؤٹ لیٹس سے قانونی طریقے سے حاصل کریں۔ بغیر تصدیق اور غیر قانونی ذرائع سے خریدی گئی سمز نہ صرف خود آپ کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں بلکہ قانونی کارروائی کا باعث بھی ہو سکتی ہیں۔