ویب ڈیسک: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٹرانزٹ کے دوران افغان اور دیگر ممالک کے شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ٹرانزٹ کے دوران افغان شہریوں اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والوں کے قیام و طعام کے اخراجات وہ ممالک برداشت کریں گے جو انھیں افغانستان سے نکال کر پاکستان لائیں گے جبکہ پاکستان یہاں پہنچنے والوں کو سکیورٹی، امیگریشن اور ٹرانزٹ سہولیات فراہم کرے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ امریکہ اور اتحادی جتنے مرضی چاہیں افغان اور دیگر ممالک کے شہریوں کے لیے پاکستان میں ٹرانزٹ کی سہولت سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ اتحادی جتنے مسافروں کو ٹرانزٹ دینے کی درخواست کریں گے انھیں ویزے جاری کر دیے جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کے لیے پاکستان آنے والوں کو 30 دن کا ٹرانزٹ ویزہ جاری کیا جائے گا۔ مشکل ہے کہ انھیں ملک کے اندر بلا روک ٹوک نقل و حرکت کی اجازت دی جا سکے جبکہ ٹرانزٹ ویزہ کے حوالے سے عالمی معیار یہی ہے کہ مسافر فراہم کی گئی سہولت سے باہر نہیں نکل سکتے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ افغانستان سے آنے والوں کو ایئر پورٹ لاؤنجز اور شہروں میں مخصوص مقامات پر رہائش فراہم کرنے کے لیے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔