عاجز جمالی : پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے صوبے میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا، بتایا گیا ہے کہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 3 مئی تک ہیٹ ویو کی صورتحال متوقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ کا کہنا ہے کہ جامشورو، دادو، شہید بینظیر آباد، کشمور، گھوٹکی، سانگھڑ گرمی کے لپیٹ میں آ سکتے ہیں، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر سمیت مختلف اضلاع میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر برائے بحالی گیانچند ایسرانی کی ہدایات پر ہیٹ ویو ایس او پیز تمام متعلقہ اداروں کو بھیج دی گئی ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ اجلاس میں پیشگی اقدامات، ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی پر تفصیلی غور کیا گیا ہے، ادارے آگاہی مہم، کولنگ کیمپس کے قیام، پانی، او آر ایس کی فراہمی، ہنگامی طبی امداد سے متعلق اپنی تیاری مکمل رکھیں۔
سلمان شاہ کا کہنا ہے کہ عوام، خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہاکہ کسان فصلوں کی کٹائی کے دوران موسمی حالات کو مدنظر رکھیں اور مویشیوں کی حفاظت یقینی بنائیں۔