ویب ڈیسک:وزارت اطلاعات و نشریات نے طالبان رجیم کے نام نہاد ڈائریکٹر آف انفارمیشن اینڈ کلچر کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کنڑ میں مبینہ طور پر قبضہ شدہ پاکستانی فوجی چوکی کو تباہ کرنے کا دعویٰ درست نہیں۔
وزارت کے مطابق پاکستانی سرزمین یا فوجی تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور ایسے تمام دعوے بالکل غلط ہیں، وزارت نے مزید کہا کہ طالبان رجیم کی جانب سے جاری آپریشن "غصب للحق" کے دوران کیے جانے والے دعوے حقیقت سے عاری ہیں۔
واضح رہے کہ وچہ چناری کا ڈھانچہ افغان تنصیب ہے اور یہ مکمل طور پر افغان علاقے میں واقع ہے، جس ڈھانچے کو پاکستان کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، اس میں قومی پرچم یا بین الاقوامی سرحدی باڑ کے معروف نشانات موجود نہیں ہیں۔
وزارت اطلاعات نے اس دعوے کو جھوٹا اور فریب پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور کہا کہ اس کا مقصد حقائق کو مسخ کرنا، عوام کو گمراہ کرنا اور طالبان رجیم کے پروپیگنڈے کو فروغ دینا ہے۔