سمیع اللہ :چلاس کے علاقے تھور میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے اچانک سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔
تھور میک میں ایک مقامی مسجد بھی سیلابی ریلے کی زد میں آ گئی، جبکہ تھور اینگر میں خشک پہاڑی سے آنے والے سیلاب نے شدید نقصان پہنچایا۔
سیلابی ریلے میں ایک رہائشی مکان، قیمتی سامان، مال مویشی اور ایک گاڑی بہہ گئی، جبکہ گولڈ پلیسر کے ذریعے نکالا گیا تقریباً 200 گرام سونا اور نقد رقم بھی سیلاب کی نذر ہو گئی۔
سیلابی ملبہ متعدد رہائشی گھروں میں داخل ہو گیا اور تھور کا رابطہ سڑک سے منقطع ہوگیا۔ تھور شیتن اور تھور میک سمیت کئی علاقوں میں سیلابی پانی کھیتوں میں داخل ہونے سے کھڑی فصلوں اور زرعی زمینوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم رابطہ سڑکیں منقطع ہونے کے باعث مقامی آبادی اور امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔