علی ساہی: پنجاب بھر میں گزشتہ چار سال سے زیر التوا گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی 30 لاکھ نمبر پلیٹس کی تیاری کا مسئلہ آخر کار حل، حکومت نے باقی ماندہ نمبر پلیٹس کی تیاری کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے حکام کے مطابق گزشتہ دو سالوں میں 19 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے ذریعے گاڑی مالکان کو فراہم کی گئیں جبکہ مزید 11 لاکھ نمبر پلیٹس کی تیاری کا عمل اب شروع ہونے جا رہا ہے۔موٹر سائیکلوں کے لیے 9.5 لاکھ نمبر پلیٹس اور گاڑیوں کے لیے 1.5 لاکھ نمبر پلیٹس تیار ہوں گی۔، باقی رہ جانے والی پلیٹس بھی این آر ٹی سی کے تعاون سے جلد مالکان تک پہنچائی جائیں گی۔
حکام کے مطابق شہریوں سے گزشتہ چند سالوں میں پونے 3 ارب روپے وصول کیے گئے لیکن اس کے باوجود تکنیکی اور انتظامی وجوہات کے باعث نمبر پلیٹس وقت پر تیار نہ ہو سکیں۔
یاد رہے کہ زیر التوا نمبر پلیٹس کی بڑھتی ہوئی شکایات کے باعث حکومت نے گزشتہ سال اپریل میں نمبر پلیٹس کی فیس کی وصولی عارضی طور پر معطل کر دی تھی۔اس دوران شہریوں کو اجازت دی گئی کہ وہ منظور شدہ ڈیزائن کی نمبر پلیٹس بازار سے خود بنوا سکتے ہیں۔