سٹی42: محرم الحرام کے دوران سکیورٹی خدشات کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ پابندیاں یکم محرم الحرام سے 10 محرم الحرام تک نافذ العمل رہیں گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے تحت تمام اضلاع کے انتظامی افسران کو عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کے مطابق دفعہ 144 کے تحت منظور شدہ جلوسوں و مجالس کے علاوہ کسی نئی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی، عوامی مقامات پر ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی، اشتعال انگیز نعرے، اشارے یا عوامی جذبات کو مشتعل کرنے والی سرگرمیاں ممنوع ہوں گی، فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پر مبنی بیانات یا مواد کی اشاعت پر مکمل پابندی ہوگی، چاہے وہ کسی بھی ڈیوائس یا ذریعے سے ہو۔
اس کے علاوہ جلوس کے راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے پر پابندی ہوگی، ان عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنا ممنوع ہوگا اور تماشائی کی صورت میں چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بیٹھنے پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ڈبل سواری پر جزوی پابندی
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہو گی۔اس پابندی سے بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار مستثنیٰ ہوں گے۔