ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نئے کرنسی نوٹس کی تیاری آخری مرحلے میں داخل: اسٹیٹ بینک

نئے کرنسی نوٹس کی تیاری آخری مرحلے میں داخل: اسٹیٹ بینک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور وفاقی کابینہ کی منظوری ملتے ہی دو سے تین مختلف مالیت کے نوٹس کی چھپائی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹس فوری طور پر مارکیٹ میں نہیں آئیں گے بلکہ موجودہ نوٹس کے مرحلہ وار متبادل کے بعد انہیں گردش میں لایا جائے گا، جبکہ سب سے پہلے کون سی مالیت کے نوٹس متعارف ہوں گے اس کی تفصیلات بعد میں واضح کی جائیں گی۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے پیر کو مانیٹری پالیسی کے اعلان کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ نئے کرنسی نوٹس کی تیاری کا عمل آخری مراحل میں ہے اور کابینہ کی منظوری ملتے ہی چھپائی شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈیزائن کے بینک نوٹس کی چھپائی کا عمل کافی آگے بڑھ چکا ہے اور کابینہ کی منظوری کے بعد جلد ہی دو سے تین مختلف مالیت کے نوٹس بیک وقت چھاپے جائیں گے۔

گورنر نے واضح کیا کہ نئے نوٹس فوری طور پر مارکیٹ میں نہیں آئیں گے بلکہ انہیں مرحلہ وار گردش میں لایا جائے گا۔ نئے نوٹس اس وقت متعارف ہوں گے جب مرکزی بینک موجودہ کرنسی نوٹس کو مرحلہ وار تبدیل کرنے کے لیے مناسب اسٹاک حاصل کر لے گا۔

تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ سب سے پہلے کون سی مالیت کے نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ اس وقت ملک میں 10، 20، 50، 75، 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نوٹس زیر گردش ہیں۔

جمیل احمد نے بتایا کہ نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹس حکومت کو منظوری کے لیے بھیجے گئے تھے، جنہیں بعد ازاں وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعظم آفس نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹس کے نئے ڈیزائن سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا اور اس معاملے کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔