ویب ڈیسک:پنجاب پولیس نے موجودہ سرحدی سکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت پنجاب بھر سے 32 ہزار 588 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس وقت 90 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جن کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں بھی ڈی پورٹ کیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 12 ہزار 273 مرد، 6 ہزار 661 خواتین اور 13 ہزار 654 بچے شامل ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق واپس بھیجے جانے والوں میں 10 ہزار 419 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 98 افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے جبکہ 11 ہزار 71 غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے صوبہ بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کا انخلا ہر صورت یقینی بنایا جائے۔