عامر شہزاد : خیبر پختونخوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے حوالے سے پی ڈی ایم اے نے تمام محکموں کو الرٹ جاری کردیا.
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں، تیز ہواؤں اور بالائی اضلاع میں برفباری کا ایک اور سلسلہ 29 فروری سےشروع ہونے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کےلیے نیا مراسلہ جاری کردیا۔ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق بارشوں سے پہاڑی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، بارشوں سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ برفباری اور بارشوں سے بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ کاخدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت کردی۔ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔ حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔ اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں، سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے ۔ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ3 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔