(علی اکبر) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ جنگ فوجیں نہیں قومیں لڑتی ہیں، فوجوں کا موازنہ کرنے والے شرم کریں۔
مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو شرم آنی چاہئے جو پاکستان اور بھارت کی فوجوں کا موازنہ کر کے قوم کا مورال ڈاؤن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ جنگ فوجیں نہیں بلکہ قومیں لڑتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے شک بھارت کی فوج پاکستان کی فوج سے بہت زیادہ ہے لیکن ہماری فوج اور قوم کا جذبہ اور قربانی دینے کی تمنا سب پر حاوی ہے۔
بھارت کئی قوموں میں بٹا ہوا ہے، انہوں نے متحد ہو کر کیا لڑنا ہے، وہ تو ایک دوسرے کو اچھوت سمجھ کر ہاتھ لگانے سے بھی خوف کھاتے ہیں، اس کے مقابلہ میں ہماری قوم اور فوج متحد ہے اور ہمارا نظریہ صرف اور صرف پاکستان ہے۔ میڈیا کے ایک سوال پر کہ کیا وہ امریکہ اور اقوام متحدہ کو اس مسئلے کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کا کہیں گے؟ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ان کو تو ہم پہلے بھی آزما چکے ہیں.
اب روس اور چین کو چاہئے کہ وہ اس معاملے کے حل میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ مزید تباہی نہ ہو کیونکہ جنگیں مسئلوں کا حل نہیں ہوتیں۔