ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

یو ای ٹی اساتذہ و ملازمین نے ماڈل ریڑھیوں کو سکیورٹی تھریٹ قرار دیدیا

یو ای ٹی اساتذہ و ملازمین نے ماڈل ریڑھیوں کو سکیورٹی تھریٹ قرار دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عمران یونس:  یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کی دیوار اور گرین بیلٹ کے ساتھ ماڈل ریڑھیوں کی تنصیب پر اساتذہ اور ملازمین نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے سنگین سکیورٹی تھریٹ قرار دے دیا ہے۔

یو ای ٹی ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن کے مطابق حساس تعلیمی ادارے کے اطراف غیر منظم اور مستقل بنیادوں پر ریڑھیوں کی موجودگی نہ صرف سکیورٹی خدشات کو جنم دے رہی ہے بلکہ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین کی روزمرہ نقل و حرکت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ ریڑھیوں کے باعث فٹ پاتھ پر قبضہ ہو چکا ہے جس سے طلبہ کی گزرگاہ محدود ہو گئی ہے۔

اساتذہ نے مزید کہا کہ گرین بیلٹ پر ریڑھیوں کی تنصیب سے سبزہ تباہ ہو رہا ہے اور ماحولیاتی توازن خراب ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔ ان کے مطابق ایک طرف حکومت سکیورٹی خدشات کے حوالے سے خبردار کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب زمینی حقائق اس کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔

ٹیچنگ اسٹاف ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ماڈل ریڑھیوں کی تنصیب کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کو متعدد خطوط لکھے گئے تاہم تاحال کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

اساتذہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فیصلے پر نظرِ ثانی نہ کی گئی تو وہ آئینی اور قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک حساس تعلیمی ادارے کے گرد اس طرح کی غیر منصوبہ بند سرگرمیاں لمحہ فکریہ ہیں اور انتظامیہ کو اس معاملے کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لینا چاہیے۔