بابر شہزاد ترک: ترکیہ کے سفیر نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی، جس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شعبۂ صحت میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کو شعبہ صحت میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے صحت کے نظام اور ادارہ جاتی ڈھانچے پر بریفنگ دی گئی، ہسپتالوں میں سرمایہ کاری اور انتظامی تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
شعبۂ صحت میں بہتری کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ، سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا، ہیلتھ ٹورازم کے فروغ، بین الاقوامی مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ طبی آلات اور صحت سے متعلق مصنوعات کی پیداوار، تجارت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں گے، دونوں جانب سے ایک مخصوص ٹیم تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مخصوص ٹیم شعبۂ صحت میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے ترجیحات کا تعین کرے گی، ٹیم دونوں اطراف سے تعاون کے اہم شعبہ جات کی نشاندہی کیلئے دستاویز تیار کرے گی، مزید مشاورت کے ذریعے ایک “ون ونڈو” نظام قائم کیا جائے گا۔