ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت نے کوئی مہم جوئی کرنے  کی غلطی کی تو پاکستان  کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی

بھارت نے کوئی مہم جوئی کرنے  کی غلطی کی تو پاکستان  کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کرنے  کی غلطی کی تو پاکستان  کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی۔

طلال چوہدری نے کہا،  موجودہ صورتحال میں پاکستانی میڈیا کا  ذمہ دارانہ کردار قابل تحسین ہے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو پاکستانی میڈیا نے واپس دھکیل دیا ہے۔ بھارت میں سوشل میڈیا پر اب فالس فلیگ آپریشن پر کڑی تنقید ہو رہی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا، مودی کی پوری سیاست مسلمان دشمنی اور مذہبی انتہا پسندی پر مبنی ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن مودی کی پہلی واردات نہیں ہے، پہلگام واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے گھر گرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مودی کے بطور وزیراعلیٰ گجرات مسلمانوں پر مظالم دنیا ابھی بھولی نہیں ہے، بھارت میں مسلمانوں پر زمین تنگ کردی گئی ہے، مودی سرکار کی تمام تر قانون سازی مسلمان دشمنی پر مبنی رہی، آج دو قومی نظریے کا ایک ایک حرف سچ ثابت ہو رہا ہے۔

 طلال چوہدری نے کہا  پہلگام فالس فلیگ آپریشن کرکے پاکستان کا پانی بند کرنے کا بہانہ بنایا گیا۔ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا اعلان مودی کی سیاست بڑھک ہے، عملاً بھارت پاکستان کے پانی کا ایک بوند بھی نہیں روک سکتا۔ پاکستان کا پانی روکنے کا دعویٰ کرنے والی مودی سرکار نے دریا میں پانی چھوڑ دیا ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ  نے مزید کہا، مودی کی پہلگام فالس فلیگ آپریشن جیسی وارداتوں کا مقصد اپنی نفرت کی سیاست کو دوام بخشنا ہے، امید ہے بھارت کسی قسم کی غلطی نہیں کرےگا، ہم امن چاہتے ہیں لیکن کمزور نہیں، نہ ہی ڈرتے ہیں۔  توقع رکھنا چاہئے کہ بھارت پاکستان پر حملے کی کسی صورت غلطی نہیں کرےگا، اگر بھارت نے مہم جوئی کی غلطی کی تو پھر پاکستان کے جواب کو تاریخ یاد رکھے گی۔

طلال چوہدری نے کہا،  پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔