صدام حسین چانڈیو: وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ سواروں کے لیے ہفتہ وار 500 روپے اور ماہانہ 2 ہزار روپے تک پٹرول ریلیف دیا جا رہا ہے، تاہم جیکب آباد میں عوام اس پیکیج سے مکمل طور پر مطمئن نظر نہیں آتی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر موٹر سائیکل یا چنگچی رکشہ ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہی نہیں تو وہ اس ریلیف سے کیسے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ان کے مطابق اکثر لوگ ایسی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں جو کسی اور کے نام پر رجسٹرڈ ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے مستحق افراد کے لیے ریلیف حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محدود ریلیف پیکیج دینے کے بجائے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ اس کا فائدہ براہِ راست ہر شہری تک پہنچ سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گاڑی کسی اور کے نام اور پٹرول وہ خود ڈلواتے ہیں، ایسے میں ریلیف کا اصل مستحق کون ہوگا، یہ ایک اہم سوال ہے۔
شہریوں کے مطابق 500 روپے ہفتہ وار ریلیف کے بجائے اگر پٹرول سستا کیا جائے تو اس کا فائدہ تمام صارفین کو یکساں طور پر ملے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگے پٹرول نے خصوصاً کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، اس لیے وہ عارضی ریلیف کے بجائے مستقل اور مؤثر اقدامات کے خواہاں ہیں۔
جیکب آباد میں شہریوں کی نظریں اس بات پر بھی ہیں کہ حکومت کا پٹرول ریلیف پیکیج عملی طور پر مستحق موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ سواروں تک پہنچتا ہے یا نہیں۔