مریم مظہر:شہر کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ متعدد اشیاء سرکاری نرخوں کے بجائے دکانداروں کی جانب سے من مانے ریٹس پر فروخت کی جارہی ہیں۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق آلو کی قیمت 30 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں آلو 70 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔ اسی طرح پیاز کا سرکاری ریٹ 195 روپے مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 280 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔
بینگن کی سرکاری قیمت 70 روپے فی کلو ہے، لیکن شہریوں کو یہ 160 روپے فی کلو میں مل رہے ہیں، جبکہ اروی 95 روپے کے بجائے 120 روپے فی کلو اور ٹماٹر 150 روپے کے بجائے 230 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔
کریلوں کی قیمت بھی سرکاری نرخ 210 روپے فی کلو کے مقابلے میں 380 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
پھلوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری اور مارکیٹ ریٹس کے درمیان واضح فرق سامنے آیا ہے۔ امرود کا سرکاری ریٹ 240 روپے فی کلو ہے، تاہم مارکیٹ میں 280 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ سیب گاچہ 300 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو اور جاپانی پھل 240 روپے کے بجائے 300 روپے فی کلو فروخت کیا جارہا ہے۔
اسی طرح کیلے کی سرکاری قیمت 180 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن اوپن مارکیٹ میں 250 روپے فی درجن فروخت ہورہے ہیں، جبکہ گرما 200 روپے کے بجائے 320 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ نامہ موجود ہونے کے باوجود دکاندار من مانے دام وصول کررہے ہیں، جبکہ انتظامیہ سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشی کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔