ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب میں 1 کروڑ 20 لاکھ ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں :عظمیٰ بخاری

پنجاب میں 1 کروڑ 20 لاکھ ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں :عظمیٰ بخاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

راؤ دلشاد: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے بھر کے شہروں اور دیہات میں ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ  اس سال پنجاب بھر میں ایک کروڑ 20 لاکھ ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے،انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اس مرتبہ 35 سے 37 لاکھ جانوروں کی قربانی متوقع ہے، جس کے پیش نظر صفائی اور آلائشوں کی بروقت تلفی کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشیں مقررہ ویسٹ بیگز میں ڈالیں اور انہیں مخصوص مقامات پر رکھیں تاکہ ستھرا پنجاب کا عملہ انہیں بروقت اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ویسٹ بیگز کی تقسیم کے لیے صوبے بھر میں مختلف مقامات پر خصوصی کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو مفت بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے شہریوں سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آلائشیں سڑکوں، گلیوں اور کھلے مقامات پر پھینکنے کے بجائے ویسٹ بیگز میں رکھ کر مقررہ جگہ پر منتقل کی جائیں تاکہ صفائی کا نظام متاثر نہ ہو۔

انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور قواعد کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔