ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

چین دنیا کیلئے مثال، پاک چین دوستی ناقابلِ شکست: شہباز شریف

چین دنیا کیلئے مثال، پاک چین دوستی ناقابلِ شکست: شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42:  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین دنیا کیلئے ایک قابلِ تقلید ماڈل بن چکا ہے اور معاشی طاقت کے لحاظ سے اس کا کوئی ثانی نہیں۔

بیجنگ میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب صدر ہان ژینگ نے شرکت کی اور یادگاری کیک کاٹا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین نے گزشتہ 75 برس میں غیر معمولی ترقی کی اور صدر شی جن پنگ کی قیادت میں کروڑوں افراد غربت سے باہر آئے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے چین کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں جبکہ صدر شی جن پنگ تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ 2010 کے تباہ کن سیلاب کے دوران چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، جبکہ پاک چین تعلقات دونوں ممالک کے عظیم رہنماؤں کی بصیرت، خلوص اور عزم کا نتیجہ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں چین نے محنت اور مستقل مزاجی سے عالمی معاشی اور عسکری طاقت کا مقام حاصل کیا، جو دنیا کیلئے ایک شاندار مثال ہے کہ غربت اور بے روزگاری پر کیسے قابو پایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور چین دو جسم نہیں بلکہ ایک روح اور ایک دل کی مانند ہیں، دونوں ممالک کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بھی چینی طرز کے معاشی ماڈل سے سیکھتے ہوئے ترقی کے سفر پر گامزن ہے اور ایک دن پاکستان میں بھی چینی ماڈل کی جھلک نظر آئے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو گی تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس تاریخی تعلق کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔