اویس کیانی:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں قائم پاکستانی حجاج کرام کے کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کیمپ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے خصوصی طور پر بزرگ حجاج کرام سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ محسن نقوی نے 100 برس عمر کے ایک بزرگ حاجی سے بھی ملاقات کی اور ان کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر داخلہ نے حجاج کرام سے رہائش، کھانے پینے، سفری سہولیات اور دیگر انتظامات سے متعلق دریافت کیا۔ حجاج کرام نے بتایا کہ اس بار انتظامات مجموعی طور پر بہتر ہیں، اگرچہ بعض مسائل پیش آئے تاہم متعلقہ عملے نے بروقت تعاون کیا اور مسائل کے حل میں مدد فراہم کی۔
محسن نقوی نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی حاجی ہمارے لیے انتہائی اہم ہے اور ان کی سہولت کے لیے عملہ ہر وقت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان میں ہی امیگریشن کی سہولت فراہم کرنا حجاج کرام کے لیے بڑی آسانی ثابت ہوئی ہے۔ وزیر داخلہ نے اس اقدام پر سعودی قیادت بالخصوص محمد بن سلمان اور سعودی وزارتِ حج کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔