جنید ریاض:لاہور میں سینکڑوں اسکول ٹیچر انٹرنز (ایس ٹی آئیز) عیدالاضحیٰ بغیر تنخواہ گزارنے پر مجبور ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں 790 ایس ٹی آئیز کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں، جس کے باعث انٹرنز شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اور ہائرسیکنڈری ونگ میں ایس ٹی آئیز کی تعداد 354 ہے جبکہ پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں اسکول ٹیچر انٹرنز کو تنخواہیں جاری کی جا چکی ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے عید سے قبل ایس ٹی آئیز کو تنخواہوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا تھا، تاہم لاہور کے بیشتر انٹرنز تاحال اپنی تنخواہوں کے منتظر ہیں۔
عید کی چھٹیوں سے قبل آخری ورکنگ ڈے پر صرف 70 ایس ٹی آئیز کو شام 4 بجے کراس چیک جاری کیے گئے، لیکن بینک 5 بجے بند ہونے کے باعث وہ بھی رقم وصول نہ کر سکے۔
تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ایس ٹی آئیز نے سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سیکرٹری سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن مدثر ریاض ملک اس وقت وزیر تعلیم کے ہمراہ لندن کے دورے پر موجود ہیں۔
دوسری جانب سی ای او ایجوکیشن طارق محمود نے موقف اختیار کیا ہے کہ چیک جاری کر دیے گئے ہیں اور جلد ہی رقم کیش بھی ہو جائے گی۔