ویب ڈیسک :فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے عید الاضحیٰ پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلیے متعلقہ کمرشل بینکوں کی برانچز شام ساڑھے 5 بجے تک کھولنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی بذریعہ کاؤنٹر ادائیگی (OTC) میں سہولت دینے کی غرض سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق کمرشل بینکوں کی تمام شاخیں جمعہ، 29 مئی 2026ء کو توسیع شدہ اوقاتِ کار میں شام 5:30 بجے تک کھلی رہیں گی۔
اعلامیے کے مطابق وہ تمام شاخیں جوہفتے کو کھلی رہتی ہیں، وہ ہفتہ 30 مئی 2026ء کو صبح 9.00 بجے سے شام 5:30 بجے تک کھلی رہیں گی۔
بینکوں کو خصوصی کلیئرنگ مکمل ہونے تک شاخیں کھلی رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق بینک یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی میں سہولت دینے کے لیے اسٹیٹ بینک نے انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپ، اے ٹی ایم ودیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بلا تعطل فعال رکھنے کا حکم بھی دیا ہے۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ فیصلہ ایف بی آر کی درخواست پر ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے کیا گیا۔